ڈھاکہ یکم جولائی (ایس او نیوز؍ایجنسی): بنگلہ دیش کے دارالحکومت میں ہائی سیکورٹی والے گلشن سفارتی علاقے میں واقع ایک ریستوران کے قریب جمعہ کی رات نامعلوم حملہ آوروں اور پولیس کے درمیان فائرنگ ہوئی. خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ وہاں غیر ملکیوں سمیت کئی لوگ پھنسے ہوئے ہیں. مقامی خبروں میں بتایا جارہا ہے کہ ایک پولس اہلکار ان حملوں میں ہلاک ہوا ہے، جبکہ کم و بیش ۲۰ لوگوں کو دہشت گردوں نے یرغمال بنالیا ہے۔
ادھر دہلی میں وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ بھارتی ہائی کمیشن کے تمام سفارتی محفوظ ہیں اور کسی کو بھی کسی طرح کے نقصان کی کوئی خبر نہیں ہے. وزارت اس معاملے پر مکمل طور پر نظر بنائے ہوئے ہے.
پولیس کے مطابق، تقریبا پانچ مسلح شخص 'ہولے ارٹیسن بیکری' نامی ریستوران میں گھسے اور مقامی وقت کے مطابق رات تقریبا نو بج کر 20 منٹ پر فائرنگ شروع کر دی. یہ ریستوران غیر ملکیوں کا پسندیدہ ریستوران ہے.
پولیس نے ریستوران کے اندر بہت سے غیر ملکیوں کو یرغمال بنائے جانے کا خدشہ ظاہر کیا ہے. بڑی تعداد میں پولیس اہلکاروں اور ریپیڈ ایکشن بٹالین کے اہلکاروں نے ریستوران کو گھیر رکھا ہے. حملہ آور بم پھینکنے کے ساتھ ساتھ وقفے وقفے سے فائرنگ کر رہے ہیں جس میں کچھ پولیس اہلکار اور عام شہری زخمی ہو گئے ہیں.جبکہ دوسرے ایک ذرائع کے مطابق ایک پولس اہلکار اس واردات میں مارا گیا ہے۔
مقامی میڈیا کی خبر کے مطابق، ریستوران کے باورچی خانے کا ایک ملازم کسی طرح باہر نکل آیا. اس نے بتایا کہ رات قریب 8.45 بجے کئی مسلح شخص ریستوران کے اندر آئے اور اہم باورچی کو یرغمال بنا لیا. اس نے مزید بتایا کہ انہوں نے کئی بم دھماکے کئے جس سے دہشت پھیل گئی. ''
ریپیڈ ایکشن بٹالین کے چیف بےنظیر احمد نے میڈیاوالوں کو بتایا کہ ریستوران کے اندر موجود حملہ آوروں سے ہم لوگ گفتگو کررہے ہیں اور کوشش کررہے ہیں کہ یرغمالوں کو فوری طور پر چھڑایاجاسکے۔